ریاض،11اکتوبر(ایجنسی) سعودی عرب کی حکومت نے ایک بار پھرشام میں نہتے شہریوں کے قتل عام اور تباہی وبربادی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شامی قوم کو کشت وخون سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ریاض میں منعقدہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی
زیرصدارت کابینہ کے اجلاس میں تمام عرب ممالک، مسلم دنیا اور عالمی برادری سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ وہ شام میں جاری قتل عام بند کرانے کے لیے یکساں اور ٹھوس موقف اپنائیں اور جنگ سے متاثرہ شامیوں تک امداد پہنچانے کے لیے مربوط کوششیں کریں۔ کابینہ کے اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ شام میں جنگ سے متاثرہ شہریوں تک امداد پہنچانے کے لیے محفوظ زون اور حملوں سے محفوظ کوری ڈور قائم کیے جائیں تاکہ شامی رجیم کے ظلم کے ستائے شہریوں کو خوراک اور ادویات پہنچائی جا سکیں۔